دکھائیں کتب
  • 1 اذکار نافعہ (جمعرات 13 فروری 2014ء)

    مشاہدات:18151
    دین اسلام میں ذکر الٰہی کی بہت زیادہ اہمیت و فضیلت ہے۔ ایک حدیث کے مطابق اللہ کے رسولﷺ نے ذکر الٰہی کو سونا چاندی خرچ کرنے حتیٰ کہ جہاد جیسے عمل سے بھی بہتر قرار دیا۔ فی زمانہ دعاؤں اور ذکر و اذکار کی بہت سی مختصر اور مفصل کتب موجود ہیں۔ ان اذکار و دعاؤں کی فضیلت کیا ہے؟ یہی اس کتاب کا موضوع ہے۔ جس میں پروفیسر ڈاکٹر فضل الٰہی نے قرآن کریم کی بعض سورتوں اور آیات، اذان، نماز سے متعلقہ اذکار ، صبح و شام کے بعض اذکار کے فضائل اور مرادیں پوری کرنے والے آٹھ اذکار کا تذکرہ کرتے ہوئے دیگر مواقعوں کے اذکار کی بھی احادیث رسولﷺ کی روشنی میں فضیلت بیان کی ہے۔ کتاب کے آخر میں چند مفید تنبیہات بھی قلمبند کی گئی ہیں۔ (ع۔م)

  • 2 اربعین حدیث النووی (پیر 17 فروری 2014ء)

    مشاہدات:23252

    ’اربعین نووی‘ سے مراد محی الدین ابو زکریا یحییٰ بن شرف الحزامی النووی رحمۃ اللہ علیہ کی منتخب کردہ وہ چالیس احادیث ہیں جو دین اسلام کےتقریباً تمام بنیادی امور کا احاطہ کرتی ہیں۔ اگرچہ چالیس احادیث پر مشتمل مجموعے کئی اشخاص نے مرتب کیے ہیں لیکن جو مقام موصوف محترم کے مجموعے کو حاصل ہوا کسی اور کو نہیں ہو سکا۔ اس وقت آپ کے سامنے امام نووی کی اربعین پر محترم جمال الدین زرابوزو کی انگریزی میں لکھی گئی شرح کے اردو ترجمے کا ابتدائی حصہ ہے۔ جسے انھوں نے نعیم الدین زبیری کے زیر نگرانی مکمل کیا۔ یہ کتابچہ اس سلسلہ کی پہلی حدیث کی تشریح پر مشتمل ہے۔ کتابچہ میں اس بات کی دانستہ کوشش کی گئی ہے کہ قارئین میں عربی زبان، تخریج حدیث اور اسماء الرجال جیسے اہم مضامین کا ذوق پیدا کیا جائے۔ وہ ان مضامین کا عمومی طور احاطہ کرنے کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر ان پر تفصیلی بحث کرتے ہیں۔ لہٰذا! اس شرح کو پڑھنے والوں میں کسی قدر ان مضامین سے رغبت اور ان سے ذوق پیدا ہوگا۔ دینی موضوعات پر اب تک انگریزی میں لکھی جانے والی کتب میں سے زیر نظر کتاب خاصی اہمیت کی حامل ہے۔(ع۔م)

  • 3 اسدالغابۃ فی معرفۃ الصحابۃ - جلد دوم، پارٹ2 (پیر 03 فروری 2014ء)

    مشاہدات:20372
    صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین وہ پاک طینت ہستیاں ہیں جنہوں نے دین اسلام کی نشر و اشاعت میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا اور دین اسلام کی شمع تاقیامت  روشن رکھنے کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہ کیا۔ زیر نظر کتاب ’اسد الغابۃ فی معرفۃ الصحابۃ‘ میں انہیں بزرگ ہستیوں کی زندگی کے لمحات کو الفاظ جامہ پہنایا گیا ہےتاکہ اہل اسلام ان کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے لیے راہ عمل متعین کریں۔ اس کتاب میں ایسے ہزاروں صحابہ کرام کے حالات و واقعات بھی سامنے آگئے ہیں جن کے نام تک سے عموماً  لوگ ناواقف ہیں۔ ان کے تقوی و للہیت، صبرو استقامت، انکسار و تواضع اور جانبازی و خوش اخلاقی دیکھ کر اندازہ ہے کہ واقعتاً یہ لوگ اس قابل تھے کہ خدا تعالیٰ ان کو بیشتر دفعہ ’رضی اللہ عنہم و رضوا عنہ‘ کا سرٹیفیکیٹ دیتا۔ ان کی انہی خوبیوں کی وجہ سے آج تک فوز و سعادت کے چراغ روشن ہیں۔ اس کتاب کے مصنف علامہ ابن اثیرعلی نب محمد الجزری ہیں جو ثقاہت و عدالت سے متصف اور حفظ و ضبط کے خصائص سے بہرہ مند ہیں۔ انہوں نے اس کتاب میں صحابہ کرام کے تذکرے حروف تہجی کے اعتبار سے مرتب کیے ہیں۔ مولانا کی تالیف کردہ عربی کتاب آٹھ حصوں پر مشتمل تھی جس کے پہلے سات حصوں کا اردو ترجمہ انڈیا کے عالم دین مولانا عبدالشکور فاروقی نے کیا ہے جبکہ آٹھویں اور آخری حصے کا ترجمہ مختلف علما نے مل کر کیا ہے۔ یہ کتاب اصحاب رسولﷺ کے حالات و واقعات پر ایک اساسی تالیف ہے اور گویا ایک انسائیکلوپیڈیا کی حیثیت رکھتی ہے۔

  • 4 اسلام دور جدید کا مذہب (منگل 28 جنوری 2014ء)

    مشاہدات:20137
    انسانی زندگی ہرلمحہ متحرک اورمعتبرہے ۔دنیامیں ہروقت نت نئے مسائل ومعاملات ظہورپذیرہوتے رہتے ہیں جن کاحل درکارہوتاہے ۔دورجدیدایک ایسے نظام حیات کامتقاضی ہے جوتمام معاملات زندگی کاحل پیش کرسکے ۔حقیقت یہ ہے کہ ایسامذہب صرف اورصرف اسلام ہے جواگرچہ آج سے ڈیڑھ ہزاربرس پہلے  مکمل ہواتاہم آج بھی تروتازہ اورشگفتہ ہے اورزندگی کے ہرگوشے سے متعلق ہدایت وراہنمائی دینے کی صلاحیت رکھتاہے ۔زیرنظرکتابچہ میں عظیم اسلامی مفکرمولاناسیدابوالاعلی ٰ مودودی نے اسی حقیقت کوبڑے ہی مؤثراورسائینٹیفک طریقے سے اجاگرکیاہے جس سے اسلام کی حقانیت لکھ کرنظروبصرکے سامنے آجاتی ہے ۔


  • 5 اسلام کےاحکام وآداب(شرح اربعین نووی) (اتوار 23 اپریل 2017ء)

    مشاہدات:1498

    کتاب اللہ اور سنت رسول ﷺدینِ اسلامی کے بنیادی مآخذ ہیں۔ احادیث رسول ﷺ کو محفوظ کرنے کے لیے کئی پہلوؤں اور اعتبارات سے اہل علم نے خدمات انجام دیں۔ تدوینِ حدیث کا آغاز عہد نبوی ﷺ سے ہوا صحابہ وتابعین کے دور میں پروان چڑھا او ر ائمہ محدثین کےدور میں خوب پھلا پھولا ۔مختلف ائمہ محدثین نے احادیث کے کئی مجموعے مرتب کئے او رپھر بعدمیں اہل علم نے ان مجموعات کے اختصار اور شروح ،تحقیق وتخریج او رحواشی کا کام کیا۔مجموعاتِ حدیث میں اربعین نویسی، علوم حدیث کی علمی دلچسپیوں کا ایک مستقل باب ہے ۔عبداللہ بن مبارک﷫ وہ پہلے محدث ہیں جنہوں نے اس فن پر پہلی اربعین مرتب کرنے کی سعادت حاصل کی ۔بعد ازاں علم حدیث ،حفاظت حدیث، حفظ حدیث اورعمل بالحدیث کی علمی او رعملی ترغیبات نے اربعین نویسی کو ایک مستقل شعبۂ حدیث بنادیا۔ اس ضمن میں کی جانے والی کوششوں کے نتیجے میں اربعین کے سینکڑوں مجموعے اصول دین، عبادات، آداب زندگی، زہد وتقویٰ او رخطبات و جہاد جیسے موضوعات پر مرتب ہوتے رہے ۔اس سلسلۂ سعادت میں سے ایک معتبر اور نمایاں نام ابو زکریا یحییٰ بن شرف النووی کا ہے جن کی اربعین اس سلسلے کی سب سے ممتاز تصنیف ہے۔امام نووی نے اپنی اربعین میں اس بات کا التزام کیا ہے کہ تمام تر منتخب احادیث روایت اور سند کے اعتبار سے درست ہوں۔اس کے علاوہ اس امر کی بھی کوشش کی ہے کہ بیشتر احادیث صحیح بخاری اور صحیح مسلم سے ماخوذ ہوں ۔اپنی حسن ترتیب اور مذکورہ امتیازات کے باعث یہ مجموعۂ اربعین عوام وخواص میں قبولیت کا حامل ہے انہی خصائص کی بناپر اہل علم نے اس کی متعدد شروحات، حواشی اور تراجم کیے ہیں ۔عرب...

  • 6 اسلام میں ہجرت کا مقام (اتوار 05 جولائی 2015ء)

    مشاہدات:1159

    دین اسلام خلوص اور وفا داری کا نام ہے۔اور معاشرتی زندگی میں ایک دوسرے کے ساتھ محبت وتعاون کا درس دیتا ہے۔تاکہ ایک دوسرے کے خیر اور غمخواری میں شرکت ہو سکے۔اس کے بغیر ایمان کو نامکمل قرار دیا گیا ہے۔نبی کریم ﷺ کے ارشادات مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ ہر مسلمان اپنے مسلمان بھائی کے لئے بھی وہی پسند کرے جو وہ اپنے لئے پسند کرتا ہے،ورنہ اس کا ایمان مکمل نہیں ہے۔یہ خصوصیات اسلام کے علاوہ کسی دوسرے مذہب میں موجود نہیں ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب " اسلام میں ہجرت کا مقام "سید نصیب علی شاہ ہاشمی صاحب  کی تصنیف ہے۔جو  افغان روس جنگ کے زمانے میں لکھی گئی۔جب روس نے ظالمانہ طریقے سے افغانستان پر قبضہ کر لیا اور وہاں کے مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ دئیے۔مسلمانوں نے اپنی عزت وآبرو اور جان ومال کو بچانے کی خاطر افغانستان سے ملحقہ ممالک کی طرف ہجرت کرنا شروع کردی۔تاکہ روس کے ظلم وستم سے بچ سکیں۔جب مہاجرین کی تعداد بڑھنے لگی تو اس سے مختلف مسائل پیدا ہونا شروع ہوگئے اور بعض لوگوں نے ان بے بس  مہاجرین کی واپسی کی رٹ لگانا شروع کر دی۔چنانچہ اہل علم نے لوگوں کو سمجھانا شروع کیا کہ وہ بھی آپ کے مسلمان بھائی ہیں جن کی مدد کرنا آپ پر فرض ہے۔ یہ کتاب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف موصوف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اوران کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 7 اسلام، ایمان اور احسان حدیث جبریلؑ کی روشنی میں (جمعرات 28 ستمبر 2017ء)

    مشاہدات:782

    خدمت ِحدیث وسنت ایک عظیم الشان اور بابرکت کام ہے۔ جس میں ہر مسلمان کو کسی نہ کسی سطح پر ضرور حصہ ڈالنا چاہیے ،تاکہ اس کا شمار کل قیامت کےدن خدامِ سنت نبوی میں سے ہو۔اور یہ ایک ایسا اعزاز ہے کہ جس کی قدر وقیمت کااندازہ اللہ تعالیٰ کے حضور پیش ہونے پر ہی ہوسکتا ہے۔ احادیثِ رسول ﷺ کو محفوظ کرنے کے لیے کئی پہلوؤں اور اعتبارات سے اہل علم نے خدمات انجام دی ہیں۔ تدوینِ حدیث کا آغاز عہد نبوی سے ہوا او ر صحابہ وتابعین کے دور میں پروان چڑھا ۔ ائمہ محدثین کےدور میں خوب پھلا پھولا ۔مختلف ائمہ محدثین نے احادیث کے کئی مجموعے مرتب کئے۔محدثین کرام نے احادیث کی جمع وتدوین تک ہی اپنی مساعی کو محدود نہیں رکھا ،بلکہ فنی حیثیت سے ان کی جانچ پڑتال بھی کی ،اور اس کے اصول بھی مرتب فرمائے۔اس کے ساتھ ساتھ ہی انہوں نے کتب حدیث کو بھی مختلف طبقات میں تقسیم کر دیا اور اس کی خاص اصطلاحات مقرر کر دیں۔چنانچہ صحیحین ،سنن اربعہ،اصول خمسہ،اور صحاح ستہ وغیرہ اصطلاحات علماء کے ہاں معروف اور متداول چلی آ رہی ہیں۔ بعض نے کسی انداز سے تو بعض نے کسی اور انداز سے حدیث نبوی ﷺ کی خدمت کی۔ زیر تبصرہ کتاب "اسلام، ایمان اور احسان، حدیث جبریل کی روشنی میں" پاکستان کے معروف عالم دین محترم ڈاکٹر اسرار احمد صاحب﷫ کی تصنیف ہے ۔جس میں انہوں نے حدیث جبریل کی روشنی میں اسلام، ایمان اور احسان کی تشریح فرمائی ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف موصوف کی اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 8 الافضل شرح اربعین نووی اردو (ہفتہ 30 دسمبر 2017ء)

    مشاہدات:1474

    اسلام کے دوبنیادی اور صافی سرچشمے قرآن وحدیث  ہیں جن کی تعلیمات وہدایات  پر  عمل کرنا ہر مسلمان کے لیے  ضروری ہے ۔ قرآن مجید کی طرح  حدیث بھی دینِ اسلام  میں ایک  قطعی حجت ہے ۔ کیونکہ اس کی بنیاد بھی وحی الٰہی  ہے ۔احادیث رسول ﷺ کو محفوظ کرنے کے لیے کئی پہلوؤں اور اعتبارات سے اہل علم  نے خدمات  انجام دیں۔ تدوینِ  حدیث  کا آغاز  عہد نبوی  سے  ہوا  او ر صحابہ وتابعین  کے  دور میں  پروان چڑھا ۔ ائمہ محدثین کےدور  میں  خوب پھیلا پھولا ۔مختلف  ائمہ  محدثین نے  احادیث  کے کئی مجموعے مرتب کئے۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ الأفضل شرح اربعین نووی اردو معہ عربی متن  مؤلف امام ابو زکریا محی الدین النووی شارح محمد عبد الرحمٰن ندوی ہیں ۔ اس کتاب میں امام نووی شارح صحیح مسلم کی منتخب تنتالیس مستند احادیث کا مجموعہ سلیس ترجمہ اور مفید اصلاحی شرح سیرۃ الصحابہ، سیرۃ محدثین اور اصطلاحات حدیث پر مشتمل بیش قیمت تحفہ ہے۔ ہم امام مسلم﷫، امام ابو زکریا محی الدین النووی شارح محمد عبد الرحمٰن ندوی اور دیگر ساتھیوں کے لئے دعا گو ہیں جنہوں نے اس کتاب پر کام کیا ہےانھیں اللہ رب العزت اجر عظیم سے نوازے۔ آمین (ر،ر )

  • خاندان اسلامی معاشرے کی ایک بنیادی اکائی شمار ہوتا ہے۔ اگر خاندان کا ادارہ مضبوط ہو گا تو اس پر قائم اسلامی معاشرہ بھی قوی اورمستحکم ہو گا اور اگر خاندان کا ادارہ ہی کمزور ہو تو اس پر قائم معاشرہ بھی کمزور ہو گا۔نکاح وطلاق خاندان کے قیام و انتشار کے دو پہلو ہیں۔ شریعت اسلامیہ میں نکاح وطلاق کے مسائل کو تفصیل سے بیان کیا گیاہے۔ پاکستان میں فقہ حنفی اور اہل الحدیث کے نام سے دو مکاتب فکر پائے جاتے ہیں۔ یہ ایک امر واقعہ ہے کہ فقہ حنفی میں نکاح وطلاق کے اکثر مسائل شریعتِ اسلامیہ کی صریح نصوص کے خلاف تو ہیں ہی، علاوہ ازیں عقل ومنطق سے بھی بالاتر ہیں جیسا کہ بغیر ولی کے نکاح کو جائز قرار دینا، پہلے سے طے شدہ حلالہ کو جائز قرار دینا، مفقود الخبر کی بیوی کا تقریبا ایک صدی تک اپنے شوہر کا انتظار کرنا، عورت کا خاوند کے طلاق دیے بغیر خلع حاصل نہ کر سکنا اورایک مجلس کی تین طلاقوں کوتین شمار کرنا وغیرہ۔ ایک مجلس کی تین طلاقوں کا مسئلہ ایک معرکۃ الآراء مسئلہ ہے۔احناف کے نزدیک مجلس واحد میں تين مرتبہ کہا گیا لفظ طلاق موثر سمجھا جاتا ہے جس کے بعد زوجین کے درمیان مستقل علیحدگی کرا دی جاتی ہے اور پھر اس کے بعد ان کو اکٹھا ہونے کے لیے ایک حل دیا جاتا ہے جس کا نام حلالہ ہے۔ ایک شرعی چیز کو غیر شرعی چیز کے ذریعے حلال کرنے کا ایک غیر شرعی اور ناجائز طریقہ ہے جس کو اب احناف بھی تسلیم کرنے سے عاری ہیں اور ایسے مسائل کے لیے پھر ایسے لوگوں کی طرف رجو ع کیا جاتا ہے جو اس غیر شرعی امر کو حرام سمجھتے ہیں۔اب تو اسلامی نظریاتی کونسل ، اور دعوہ اکیڈمی اسلام آباد نےبھی...

  • 10 انمول تحفہ (ہفتہ 18 جنوری 2014ء)

    مشاہدات:11700

    دین اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے اور وہ یہ ہیں: گواہی دینا کہ اللہ کے علاوہ کوئی الہٰ نہیں اورمحمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے رسول ہیں، نماز قائم کرنا، زکوٰۃ ادا کرنا، بیت اللہ کا حج کرنا اور روزہ رکھنا۔ ایک مسلمان کی کامیابی کا دارومدار اس پر ہے کہ وہ کم ازکم ارکان اسلامی کی پابندی ضرور کرے اور ان میں کسی قسم کی کوتاہی نہ بجا لائے۔ پیش نظر کتاب ' ان مول تحفہ' میں تمام ارکان اسلام پر قرآن وحدیث اور اقوال سلف صالحین کی مدد سے تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔ یہ کتاب یقیناً اس اعتبار سے قیمتی تحفہ ہے کہ نہایت آسان فہم انداز میں ارکان اسلام کا مکمل تعارف پیش کی گیا ہے۔ 'انمول تحفہ' یقینی طور پر ہر گھر اور ہر فرد کی ضرورت ہے۔

     

ایڈوانس سرچ

اعدادو شمار

  • آج کے قارئین: 212
  • اس ہفتے کے قارئین: 3661
  • اس ماہ کے قارئین: 10524
  • کل مشاہدات: 41450767

موضوعاتی فہرست

ای میل سبسکرپشن

محدث لائبریری کی اپ ڈیٹس بذریعہ ای میل وصول کرنے کے لئے ای میل درج کر کے سبسکرائب کے بٹن پر کلک کیجئے۔

رجسٹرڈ اراکین

ایڈریس

        99--جے ماڈل ٹاؤن،
        نزد کلمہ چوک،
        لاہور، 54700 پاکستان

       0092-42-35866396، 35866476، 35839404

       0092-423-5836016، 5837311

       library@mohaddis.com

       بنک تفصیلات کے لیے یہاں کلک کریں